Deuteronomy 20
جنگ کے بارے میں ہدایات
1جَب تُم اَپنے دُشمنوں سے جنگ کرنے جاؤ اَور گھوڑوں اَور رتھوں اَور اَپنے سے بھی بڑے لشکر کو دیکھو، تو اُن سے خوفزدہ مت ہونا، کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا جو تُمہیں مِصر سے نکال لایٔے ہیں وہ تمہارے ساتھ رہیں گے۔ 2اَور جَب تُم میدانِ جنگ میں جانے کو ہو، تَب کاہِنؔ آگے بڑھ کر فَوج سے مُخاطِب ہُوں۔ 3اَور کاہِنؔ یُوں کہے:”اَے اِسرائیلیوں سُنو! آج تُم اَپنے دُشمنوں سے لڑنے کے لیٔے میدانِ جنگ میں جا رہے ہو۔ لہٰذا بُزدل مت بنو یا خوف نہ کھاؤ؛ نہ تو گھبراؤ اَور نہ ہی اُن کے سامنے تُم پر دہشت طاری ہو۔ 4کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہاری خاطِر تمہارے دُشمنوں سے لڑ کر تُمہیں فتح دِلانے کے لیٔے تمہارے ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔“ 5پھر فَوجی افسران فَوج سے یُوں مُخاطِب ہُوئے:”کیا کسی نے نیا گھر تعمیر کیا ہے اَور اُسے مخصُوص نہیں کیا ہے؟ تو وہ گھر لَوٹ جائے؛ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ جنگ میں ماراجائے اَور کویٔی دُوسرا شخص اُسے مخصُوص کرے۔ 6کیا کسی نے انگوری باغ لگایا ہے اَور اَب تک اُس کا پھل کھانا شروع نہیں کیا؟ تو وہ بھی گھر لَوٹ جائے۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ جنگ میں ماراجائے اَور کویٔی دُوسرا شخص اُس کا پھل کھائے۔ 7کیا کویٔی شخص کسی لڑکی سے منگنی کر چُکاہے لیکن اُس سے شادی کرکے نہیں لایا وہ بھی گھر لَوٹ جائے۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ جنگ میں ماراجائے اَور کویٔی اَور اُس سے شادی کر لے۔“ 8تَب فَوجی افسران یہ بھی کہیں،”جو آدمی ڈرپوک یا بُزدل ہے وہ بھی گھر لَوٹ جائے تاکہ اُس کے بھائیوں کے حوصلے بھی پست نہ ہو جائیں۔“ 9جَب فَوجی افسران فَوجیوں سے بات کر چکیں، تو فَوج کے اُوپر سپہ سالار مُقرّر کر دیں۔ 10جَب تُم کسی شہر پر حملہ کرنے کے لیٔے اُس کے قریب پہُنچو، تو اُس کے باشِندوں کو اَمن کی پیشکش کرو۔ 11اگر وہ اَمن کی پیشکش قبُول کرتے ہیں اَور اَپنے پھاٹک کھول دیں، تو وہاں کے سَب باشِندے بیگار میں کام کرنے والے ہوں گے جو تمہارے خدمت گزار ہوں گے۔ 12لیکن اگر وہ صُلح کرنے سے اِنکار کریں اَور جنگ پر اُتر آئیں تو تُم اُس شہر کا محاصرہ کرنا۔ 13اَور جَب یَاہوِہ تمہارے خُدا اُس شہر کو تمہارے ہاتھ میں کر دیں تو اُس میں کے سَب مَردوں کو تلوار سے قتل کردینا۔ 14لیکن عورتوں، بچّوں اَور مویشیوں اَور اُس شہر کی دُوسری چیزوں کو تُم مالِ غنیمت کے طور پر اَپنے لیٔے لے لینا۔ اَورجو مالِ غنیمت یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے دُشمنوں سے تُمہیں دِلائیں اُسے تُم اَپنے کام میں لانا۔ 15اُن تمام شہروں کا بھی یہی حال کرنا جو تُم سے بہت دُور ہیں، اُن قوموں کے شہروں کے ساتھ اَیسا مت کرنا جِس میں تُم ابھی داخل ہونے والے ہو۔ 16صرف اُن شہروں میں جنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا مِیراث کے طور پر تُمہیں دے رہے ہیں، تُم کسی جاندار کو زندہ نہ چھوڑنا۔ 17بَلکہ جَیسا یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں حُکم دیا ہے تُم حِتّیوں، امُوریوں، کنعانیوں، پَرزّیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں کو بالکُل نِیست و نابود کردینا 18ورنہ وہ سَب مکرُوہ کام جو وہ اَپنے معبُودوں کی پرستش کے وقت کرتے ہیں، تُمہیں بھی سکھائیں گے اَور تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے خِلاف گُناہ کرنے لگوگے۔ 19جَب تُم کسی شہر کو فتح کرنے کے لیٔے اُس سے جنگ کرو اَور کافی عرصہ تک اُس کا محاصرہ کئے رہو، تو اُن کے درختوں کو کُلہاڑی سے نہ کاٹنا کیونکہ اُن کا پھل تمہارے کھانے کے کام آسکتا ہے۔ تُم اُنہیں ہرگز نہ کاٹنا۔ کیونکہ میدان کے درخت اِنسان نہیں ہیں کہ تُم اُنہیں کاٹ ڈالو؟ 20بہرحال جِن درختوں کو تُم جانتے ہو کہ وہ پھل نہیں لاتے ہیں، اُنہیں کاٹ ڈالنا اَور اُن کی لکڑی محاصرہ کے بُرج بنانے کے لیٔے اِستعمال کرنا جَب تک کہ وہ شہر جو تمہارے خِلاف جنگ کر رہاہے اَپنی شِکست قبُول نہ کر لے۔
Copyright information for
UrdUCV