Isaiah 18
کُوشؔ کے متعلّق نبُوّت
1افسوس اُس ٹِڈّی کے پھڑپھڑانے والے پروں کی سرزمین پر جسےکُوشؔ ▼
▼کُوشؔ یعنی بالائی نیل کا علاقہ
کی ندیاں سیراب کرتی ہیں،2جو نرسل کی کشتی میں سمُندر کی راہ
سفیر بھیجتی ہے۔
اَے تیزرَو سفیرو، اُس قوم کے پاس جاؤ
جِس کے لوگ بُلند قامت اَور خُوبصورت ہیں
اَور جِس کا خوف دُور دراز کے مُلکوں پر چھایا ہُواہے،
یہ ایک عجِیب و غریب زبان بولنے والی جارحانہ قوم ہے،
جِس کی سرزمین دریاؤں سے منقسم ہے۔
3اَے دُنیا کے سَب لوگو،
جو زمین پر بسے ہُوئے ہو،
جَب پہاڑوں پر پرچم اُونچا کیا جائے گا،
تو تُم اُسے دیکھ لوگے،
اَور جَب نرسنگا پھُونکا جائے گا،
تو تُم اُس کی آواز سنوگے۔
4یَاہوِہ نے مُجھ سے یہ کہا:
”دھوپ کی شدید گرمی،
اَور فصل کاٹنے کے موسم کی حرارت میں
اوس کے بادل کی طرح،
مَیں خاموش رہُوں گا اَور اَپنی قِیام گاہ سے
اِطمینان سے دیکھتا رہُوں گا۔“
5لیکن فصل سے پہلے جَب پھُولوں کی بہار ختم ہو
اَور پھُولوں کی جگہ انگور پکنے لگیں،
تَب وہ ٹہنیوں کو ہنسوے سے کاٹ ڈالے گا،
اَور پھیلی ہُوئی شاخوں کو بھی چھانٹ کر لے جائے گا۔
6وہ سَب پہاڑ کے شِکاری پرندوں
اَور جنگلی جانوروں کے لیٔے چھوڑ دی جائے گی؛
شِکاری پرندے گرمی کے تمام موسم میں
اَور جنگلی جانور جاڑے کے دِنوں میں اُن پر گزارا کریں گے۔
7اُس وقت اُس قوم کی طرف سے جِس کے لوگ بُلند قامت اَور خُوبصورت ہیں،
اَور جِس کا خوف دُور دراز کے مُلکوں پر چھایا ہُواہے،
جو عجِیب و غریب زبان بولنے والی جارحانہ قوم ہے،
جِس کی سرزمین دریاؤں سے منقسم ہے
قادرمُطلق یَاہوِہ ▼
▼قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ
کے لیٔے عطیات پیش کئے جایٔیں گے۔یہ عطیات قادرمُطلق یَاہوِہ کے نام کے مَسکن یعنی کوہِ صِیّونؔ پر پیش کئے جایٔیں گے۔
Copyright information for
UrdUCV