Ephesians 2:11-22
المسیح میں یگانگت
11پس یاد رکھو کہ پہلے تُم پیدائش کے لِحاظ سے غَیریہُودی تھے اَور وہ”مختون“لوگ جِن کا ختنہ ہاتھ سے کیا ہُوا جِسمانی نِشان ہے تُمہیں”نامختون“کہتے تھے۔ 12یاد کرو تُم اُس وقت بغیر المسیح کے، اِسرائیلی قوم کی شہریت سے خارج اَور وعدہ کے عہد سے ناواقِف، اَور نااُمّیدی کی حالت میں دُنیا میں خُدا سے جُدا تھے۔ 13مگر تُم جو پہلے خُدا سے بہت دُور تھے، اَب المسیح یِسوعؔ میں ہوکر المسیح کے خُون کے وسیلہ سے نزدیک ہو گیٔے ہو۔ 14کیونکہ وُہی ہماری صُلح ہے جِس نے غَیریہُودیوں اَور یہُودیوں، دونوں کو ایک کر دیا اَورجو بیچ میں عداوت کی دیوار تھی، اُس کو ڈھا دیا۔ 15المسیح نے شَریعت کو اُس کے اَحکام اَور قوانین سمیت اَپنے جِسم کے وسیلہ سے موقُوف کر دیا، تاکہ دونوں سے اَپنے آپ میں ایک نئے اِنسان کی تخلیق کرکے صُلح کرا دیں، 16اَور المسیح صلیب پر دُشمنی کو ختم کرکے اَور دونوں کو ایک تن بنا کر خُدا سے مِلاسکیں۔ 17جَب المسیح تشریف لائے اَور اُن غَیریہُودیوں کو جو المسیح سے دُور تھے اَور اُن یہُودیوں کو جو خُدا کے نزدیک تھے، دونوں کو صُلح کی خُوشخبری سُنایٔی۔ 18کیونکہ اُس کے وسیلہ سے ہم ایک ہی پاک رُوح پا کر خُدا باپ کی حُضُوری میں آسکتے ہیں۔ 19پس اَب تُم پردیسی اَور مُسافر نہیں رہے، بَلکہ خُدا کے مُقدّسین کے ہم وطن اَور خُدا کے گھرانے کے رُکن بَن گئے، 20تُم گویا ایک عمارت ہو جو رسولوں اَور نبیوں کی بُنیاد پر تعمیر کی گئی ہے، اَور المسیح یِسوعؔ خُود کونےکا بُنیادی پتّھر ہیں۔ 21اُسی میں یہ ساری عمارت باہم پیوست ہوکر خُداوؔند کے لیٔے ایک پاک مَقدِس بنتی جا رہی ہے۔ 22اَور تُم بھی دُوسرے مسیحی مُومِنین کے ساتھ مِل مِلا کر ایک اَیسی عمارت بنتے جا رہے ہو جِس میں خُدا کا پاک رُوح سکونت کر سکے۔
Copyright information for
UrdUCV