Numbers 22:21-35
بِلعاؔم کی گدھی
21چنانچہ بِلعاؔم صُبح کو اُٹھا اَور اَپنی گدھی پر زین کسا اَور مُوآبی حاکم کے ہمراہ چل دیا۔ 22لیکن جَب وہ گیا تو خُدا کا قہر بھڑک اُٹھا اَور یَاہوِہ کا فرشتہ اُس کی مزاحمت کرنے کے لیٔے راستہ روک کر کھڑا ہو گیا۔ بِلعاؔم اَپنی گدھی پر سوار تھا اَور اُس کے دو خادِم اُس کے ہمراہ تھے۔ 23جَب اُس گدھی نے یَاہوِہ کے فرشتہ کو اَپنے ہاتھ میں ننگی تلوار لیٔے راستہ روکے کھڑا دیکھا تو وہ راستہ سے ہٹ کر کھیت میں چلی گئی۔ تَب بِلعاؔم نے اُسے مارا تاکہ اُسے راستہ پر واپس لے آئے۔ 24تَب یَاہوِہ کا فرشتہ دو تاکستانوں کے درمیان ایک تنگ پگڈنڈی پر جا کر کھڑا ہو گیا جِس کے دونوں طرف دیواریں تھیں۔ 25جَب اُس گدھی نے یَاہوِہ کے فرشتہ کو دیکھا تو وہ دیوار سے اَیسی چپک گئی کہ بِلعاؔم کا پاؤں دیوار سے ٹکرا گیا۔ چنانچہ اُس نے اُسے پھر مارا۔ 26تَب یَاہوِہ کا فرشتہ آگے بڑھ کر ایک اَیسے تنگ مقام میں کھڑا ہو گیا جہاں داہنی یا بائیں طرف مُڑنے تک کی جگہ نہ تھی۔ 27جَب اُس گدھی نے یَاہوِہ کے فرشتہ کو دیکھا تو وہ بِلعاؔم کو لیٔے ہویٔے بیٹھ گئی۔ وہ اِس قدر خفا ہُوا کہ اُسے اَپنی لاٹھی سے مارا۔ 28تَب یَاہوِہ نے گدھی کا مُنہ کھولا اَور اُس نے بِلعاؔم سے کہا،”مَیں نے تیرے ساتھ کیا کیا ہے جو تُونے مُجھے تین بار مارا؟“ 29بِلعاؔم نے گدھی کو جَواب دیا،”تُونے مُجھے بےوقُوف بنایا! اگر میرے ہاتھ میں تلوار ہوتی تو مَیں تُجھ کو اِسی وقت مار ڈالتا۔“ 30گدھی نے بِلعاؔم سے کہا،”کیا میں تیری وُہی گدھی نہیں ہُوں جِس پر تُو آج تک سوار ہوتا آیا ہے؟ کیا مَیں نے تیرے ساتھ پہلے کبھی اَیسا کیا ہے؟“ اُس نے کہا،”نہیں۔“ 31تَب یَاہوِہ نے بِلعاؔم کی آنکھیں کھولیں اَور اُس نے یَاہوِہ کے فرشتہ کو ہاتھ میں ننگی تلوار لیٔے ہویٔے راہ میں کھڑا دیکھا۔ چنانچہ وہ جھُک کر مُنہ کے بَل گرا۔ 32یَاہوِہ کے فرشتہ نے اُس سے پُوچھا،”تُونے اَپنی گدھی کو تین بار کیوں مارا؟ مَیں تُجھ سے مزاحمت کرنے اِس لیٔے یہاں آیا ہُوں کہ تیری چال میری نظر میں ٹیڑھی ہے۔ 33اِس گدھی نے مُجھے دیکھا اَور تین بار میرے سامنے سے ہٹ گئی۔ اگر وہ نہ ہٹتی تو یقیناً تُجھ کو تو میں مار ہی ڈالتا لیکن اُسے جیتی چھوڑ دیتا۔“ 34بِلعاؔم نے یَاہوِہ کے فرشتہ سے کہا،”مَیں نے گُناہ کیا ہے۔ میں نہیں جانتا تھا کہ تُو میرا راستہ روکے کھڑا ہے۔ لیکن اگر تُجھے ناگوار گزرتا ہو تو میں واپس چلا جاتا ہُوں۔“ 35یَاہوِہ کے فرشتہ نے بِلعاؔم سے کہا،”تُو اِن آدمیوں کے ساتھ چلا جا لیکن وُہی بات کہنا جو مَیں تُجھ سے کہُوں۔“لہٰذا بِلعاؔم بلقؔ کے حاکم کے ساتھ چلا گیا۔
Copyright information for
UrdUCV